نئے صوبوں کا فیصلہ قومی مشاورت سے ہونا چاہیے:شجاعت حسین
سندھ کی ترقی اور عوامی محرومیوں کے خاتمے میں مسلم لیگ کا تاریخی کردار رہا ہے
فائل فوٹو
اسلام آباد: مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے حل کیا جانا چاہیے۔
مسلم لیگ سندھ کے صدر آصف جمال اور جنرل سیکرٹری آفاق خٹک نے چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سندھ کی ترقی اور عوامی محرومیوں کے خاتمے میں مسلم لیگ کا تاریخی کردار رہا ہے۔ ان کے مطابق قومی مسائل کا حل باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے نکالا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاسی مفادات یا وقتی نعروں کے بجائے قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔ اصل سوال یہ ہے کہ عوام کو کس انتظامی نظام کے ذریعے بہتر سہولیات اور حکمرانی فراہم کی جا سکتی ہے۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ مؤثر، بااختیار اور مضبوط انتظامی یونٹس عوامی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرکے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ صف بندی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے اور قومی معاملات کو سیاسی اختلافات اور انا سے بالاتر ہو کر دیکھا جائے۔ ان کے مطابق مضبوط صوبے، بااختیار ادارے اور مطمئن عوام ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہیں۔