لاڑکانہ میں فائرنگ سے باپ اور 3 بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق
دلخراش واقعہ، وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا، ملزمان کی تلاش جاری ہے
لاڑکانہ میں فائرنگ سے باپ اور 3 بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق
لاڑکانہ میں رتوڈیرو کے قریب جیکب آباد روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں باپ اور 3 بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ اندوہناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موقع پر ہی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے افراد یعنی باپ اور اس کے 3 بیٹے شامل ہیں، جب کہ اس فائرنگ کی زد میں آکر ایک بے گناہ راہ گیر بھی جاں بحق ہوا۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کرکے تلاش کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رتوڈیرو میں 5 افراد کے قتل کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا سخت حکم دیتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مراد علی شاہ نے سوگوار لواحقین سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ قبائلی تنازعات میں انسانی جانوں کا اس طرح ضیاع انتہائی افسوس ناک اور ناقابل برداشت ہے۔