خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں روبوٹ کے ذریعے گھٹنے کی تبدیلی کا آپریشن کامیاب

پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں میں پہلی بار کارنامہ انجام دینے کا اعزاز

 

خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے شعبہ آرتھوپیڈکس نےپاکستان کے سرکاری شعبے کے ہسپتال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری انجام دے کر ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا۔یہ منفرد اور جدید سرجری، چیئرمین شعبہ آرتھوپیڈکس پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج کی سربراہی میں معروف آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر اول حکیم اور ان کی ماہر ٹیم نے انجام دی۔
سرجری کو براہِ راست دکھایا گیا، جس سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے آرتھوپیڈک سرجنز نے اس جدید طریقۂ علاج کو براہِ راست دیکھنے اور اس سے سیکھنے کا موقع حاصل کیا۔ اس اقدام سے صوبے میں جدید آرتھوپیڈک سرجری، طبی تربیت اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

تاریخی کامیابی پر ڈین خیبر میڈیکل کالج/خیبر ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے شعبہ آرتھوپیڈکس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی پیش رفت ادارے میں روبوٹک سرجری، جدید طبی تربیت، تحقیق اور مریضوں کی نگہداشت کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ یہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال، خیبر میڈیکل کالج اور خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔

ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد اللہ داوڑ اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اویس نعیم نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جدید طبی ٹیکنالوجی اور جدید ترین علاج کے طریقۂ کار کو متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید پیچیدہ اور جدید نوعیت کے علاج اور سرجریز کو فروغ دیا جائے گا۔

ہسپتال انتظامیہ نے اس تاریخی کامیابی پر شعبہ آرتھوپیڈکس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج، پروفیسر ڈاکٹر اول حکیم ، ڈاکٹر قیصر عظیم اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو جدید اور معیاری علاج کی فراہمی کے عزم کی عکاس ہے۔