خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 18 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز کئی عرصے سے خوارج کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھیں، جس کے بعد ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔سیکیورٹی ذرائع
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،13 خوارج مارے گئے(فائل فوٹو)
سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس میں 13 خوارج مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران شمالی وزیرستان اور گردونواح میں موجود خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز خوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھیں، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سیاہ پشت اور کلی گشتری کے علاقوں میں فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔