استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں اضافے پروزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا
مقامی صنعت کے تحفظات، درآمدی اعداد و شمار کا جائزہ، اہم احکامات متوقع ہیں
استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں اضافہ، وزیراعظم شہباز شریف نے اہم اجلاس طلب کرلیا
وزیراعظم شہباز شریف نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں نمایاں اضافے اور مقامی آٹو مینوفیکچررز کے تحفظات کے پیش نظر ایک اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ملک میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کمرشل اور گفٹ اسکیم کے تحت ہونے والی گاڑیوں کی درآمد پر غور کیا جائے گا ۔ شرکا کو درآمدی اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریگولیشنز میں نرمی کے بعد سے پاکستان میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے ستمبر 2026 میں 2276 استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کیں، جبکہ مئی 2026 کے دوران صرف 48 استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کی گئی تھیں۔ درآمدی رجحان میں استیزی اور اچانک اضافے پر مقامی مینوفیکچررز نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس صورتحال سے ملکی آٹو انڈسٹری شدید متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے آٹو سیکٹر میں مسابقت کی فضا بہتر ہوگی۔ وزیراعظم اجلاس میں تمام فریقین کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد آٹو سیکٹر کے تحفظات دور کرنے کے لیے اہم احکامات صادر کریں گے۔