گلشن حدید: فلک ناز سوسائٹی میں جاں بحق 5 افراد کی نمازِ جنازہ ادا
شاہزیب کے پاس رقم موجود تھی، اس کے پیسے کہاں گئے؟ شہریوں کا تحفظات کا اظہار
فائل فوٹو
کراچی: گلشن حدید کی فلک ناز سوسائٹی میں پیش آنے والے پر اسرار واقعے میں گھر سے ملنے والی 5 لاشوں کے معاملے پر سوگ کی فضا قائم ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی نمازِ جنازہ گلشن حدید میں فیضانِ مدینہ مسجد میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد کے علاوہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکنوں اور اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ اس اندوہناک واقعے پر شرکاء اور علاقہ مکینوں کی طرف سے شدید رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر شہریوں اور جاں بحق ہونے والے شاہزیب کے قریبی دوست نے شاہزیب کے مبینہ طور پر خودکشی کرنے کے نظریے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دوست کا کہنا تھا کہ شاہزیب کے پاس رقم موجود تھی، اس کے پیسے کہاں گئے؟ پولیس اس بات کی بھی گہرائی سے تفتیش کرے۔
عوام اور عزیز و اقارب کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات اور شبہات کے پیشِ نظر پولیس نے معاملے کی شفاف اور مزید جامع تفتیش کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ واقعے کے اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔