امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیٹی زکریا کو برطرف کر دیا
صرف 5 روز کی تعیناتی، ڈگری پر سوالات اٹھنے کے بعد فیصلہ کیا گیا
وائٹ ہاؤس کی برطرف کردہ ترجمان کیٹی زکریا
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیٹی زکریا کو محض 5 روز بعد ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دعویٰ امریکی صدر کے ایک قریبی مشیر کی جانب سے کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیٹی زکریا کو یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ اس منصب کو سنبھالنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے کیٹی زکریا کو کہا تھا کہ اگر وہ ان کی جگہ ہوتے تو اس فیصلے پر ضرور غور کرتے۔ یاد رہے کہ کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی سابق ترجمان کیرولائن لیویٹ کی جگہ 10 اکتوبر کو اس اہم عہدے پرتعینات کیا گیا تھا۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق کیٹی زکریا کے وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری کی حیثیت سے تقرری کے فوراً بعد ہی ان کی قانون کی ڈگری اور پیشہ ورانہ اسناد پر سوالات اٹھنے شروع ہو گئے تھے۔ روئٹرز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ کیٹی زکریا نے بطور ترجمان اپنی پہلی پریس بریفنگ میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ سیاست میں آنے سے قبل قانون کے شعبے سے وابستہ رہی ہیں، تاہم ایسا کوئی مصدقہ ریکارڈ موجود نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ وہ کسی بھی امریکی ریاست یا ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں باضابطہ طور پر وکیل یا بار کونسل کی رکن کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق کیٹی زکریا کے لنکڈ ان پروفائل پر درج تفصیلات کے مطابق وہ 2011 سے 2013 تک چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک نجی لاء فرم میں ایسوسی ایٹ اور 2024 سے 2025 تک کیلیفورنیا میں جنرل کونسل کے طور پر فرائض انجام دیتی رہی ہیں۔