خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 ارکان کی حتمی فہرست جاری

شوکت اللہ خان چیئرپرسن جبکہ ملک خان مرجان وائس چیئرپرسن مقرر، وفاقی حکومت نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا

October 17, 2026 · اہم خبریں
خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 ارکان کی حتمی فہرست جاری

خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 ارکان کی حتمی فہرست جاری

خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 نمائندگان کے ناموں کی حتمی فہرست کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے نئے کونسل ارکان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ کونسل کے ارکان کی نامزدگی کا عمل مقامی جرگوں کی باہمی مشاورت اور متعلقہ حکام کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تمام 12 اضلاع میں مقامی آبادی کی نمائندگی اور باوقار شخصیات کے انتخاب کے لیے ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے جرگے منعقد کیے گئے۔ جرگوں میں مشاورت کے بعد نامزد ارکان کے ناموں کی جانچ پڑتال اور کارروائی ایڈیشنل چیف سیکریٹری/ایڈمنسٹریٹر، علاقہ ترقیاتی سیکریٹریٹ نے مکمل کی۔ بعد ازاں نامزد ارکان کی فہرست چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کی گئی، جنہوں نے مزید کارروائی کے بعد اسے گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا۔ گورنر نے نامزد ارکان کے نام منظوری اور نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کیے، جس کے بعد حتمی فہرست جاری کر دی گئی۔

علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن شپ شوکت اللہ خان کو سونپی گئی ہے، جن کا تعلق ضلع باجوڑ کے ترکانی قبیلے سے ہے، جبکہ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے وزیر قبیلے کے ملک خان مرجان کو وائس چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔

ضلع باجوڑ سے چار نمائندگان شوکت اللہ خان، شہاب الدین خان، ملک سلطان زیب اور حاجی لالی شاہ کونسل میں شامل ہیں۔ ضلع مہمند سے ملک فیاض خان، ملک نادر منان اور ملک صاحب خان امبر کو نمائندگی دی گئی ہے، جن کا تعلق بالترتیب خادی خیل خوزئی، بازئی اور اتمان خیل قبائل سے بتایا گیا ہے۔

ضلع خیبر سے پانچ نمائندگان ملک عبدالرزاق، ملک عزت اللہ، ملک صلاح الدین، ملک ظاہر شاہ اور شیریں خان کونسل کا حصہ ہوں گے۔ ضلع کرم سے منیر حسین بنگش، ملک عبدالولی خان، ملک زمین حسین، سید ولی سید میاں اور احسان اللہ احسان کو نامزد کیا گیا ہے، جن کا تعلق بنگش، علی شیرزئی اور طوری قبائل سے ہے۔

ضلع اورکزئی سے لال مان شاہ، سید فخر عباس اور فیض اللہ کو کونسل میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کا تعلق بالترتیب علی خیل، سید اور مشتی قبائل سے ہے۔

شمالی وزیرستان سے پانچ نمائندگان ملک خان مرجان، ملک نصراللہ، ملک حاجی شیر محمد، مفتی مصباح اللہ خان اور ملک حبیب خان کونسل میں خدمات انجام دیں گے۔ ان میں سے تین کا تعلق وزیر قبیلے، جبکہ دیگر کا تعلق داوڑ اور داوڑ/درپا خیل قبائل سے بتایا گیا ہے۔

جنوبی وزیرستان اپر سے صالح شاہ، ملک عرفان الدین احمد برکی، ملک محمد رومان محسود اور ملک رمتال خان کو نمائندگی دی گئی ہے۔ جنوبی وزیرستان لوئر سے ملک علاؤالدین وزیر، ملک جمیل توجی خیل، ملک معین الدین وزیر اور ملک سردار عباس کونسل کے ارکان مقرر ہوئے ہیں، جن کا تعلق وزیر، توجی خیل اور سلیمان خیل قبائل سے ہے۔

ضلع بنوں سے باز محمد خان، مولانا عبدالغفار قریشی، ملک شیریں اور ملک احسان خان کو نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔ ان میں بنوچی اور وزیر قبائل سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے عبدالحلیم، سردار آغاز خان، سردار عباد خان اور قیصر خان ایڈووکیٹ کو کونسل میں شامل کیا گیا ہے، جن کا تعلق قصوریہ، گنڈاپور، شیرانی اور میاں خیل قبائل سے بتایا گیا ہے۔

ضلع ٹانک سے نوابزادہ عبدالوہاب، عبداللہ ننگیال اور عرفان اللہ کنڈی کو نمائندگی دی گئی ہے، جبکہ ضلع لکی مروت سے مولانا عمر اشرفی، ملک ادریس خان، نجیب اللہ خان اور رحمت اللہ عرف متی کو کونسل کے ارکان نامزد کیا گیا ہے۔

علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل میں مختلف اضلاع اور قبائل کی نمائندگی کو مقامی سطح پر مشاورت کے ذریعے حتمی شکل دی گئی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد نامزد ارکان سے توقع ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کی نمائندگی کرتے ہوئے علاقائی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور مقامی ضروریات کی نشاندہی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔