اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس بندش کا شیڈول جاری
گیس کی بندش پیر 19 اکتوبر کی رات 9 بجے سے منگل 20 اکتوبر کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گی
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس بندش کا شیڈول جاری
اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے مرکزی پائپ لائن میں لیکیج کی مرمت کے باعث وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سوئی ناردرن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گیس کی بندش پیر 19 اکتوبر کی رات 9 بجے سے منگل 20 اکتوبر کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گی۔ اس دوران غوری ٹاؤن، فیض آباد بائی پاس روڈ، ہائی اسٹیٹ روڈ پر کھنہ پل سے بارہ موڑ تک، سوان گاؤں، گلبرگ ٹاؤن، شکریال، رحمن گارڈن، برما ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور ان سے ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون، بلیو ایریا اور ملحقہ علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی عارضی طور پر بند رہے گی۔ ان علاقوں میں پیر 19 اکتوبر کی رات 10 بجے سے منگل 20 اکتوبر کی صبح 6 بجے تک گیس دستیاب نہیں ہوگی۔
گیس کمپنی نے متاثرہ علاقوں کے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بندش کے دوران مشکلات سے بچنے کے لیے پہلے سے متبادل انتظامات کرلیں۔ صارفین کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ گیس کی فراہمی معطل ہونے کے دوران گیس کے آلات بند رکھیں تاکہ سپلائی بحال ہونے پر کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔