25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز خلائی مشن پر روانہ ہوگا،احسن اقبال
خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت متعدد شعبوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز خلائی مشن پر روانہ ہوگا،احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو چین کے خلائی مرکز سے مشن پر روانہ ہوگا، جبکہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف بھی مقرر کر رکھا ہے۔
نارووال میں عالمی ہفتۂ خلا 2026 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سپارکو کے تعاون سے پہلی مرتبہ نارووال میں یہ سرگرمی منعقد کی گئی، جس کا مقصد نوجوانوں میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے شعبے میں ترقی کی نئی منزلیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت متعدد شعبوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ خلائی تحقیق سائنسی ترقی اور انسانی علم میں اضافے کے لیے ضروری ہے۔ قرآن مجید بھی انسان کو کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، اس لیے نوجوانوں میں تحقیق، سائنسی جستجو اور علم حاصل کرنے کا شوق پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان سائنس دان ماضی میں فلکیات اور سائنسی تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ پاکستان کو بھی علم و تحقیق میں اپنی حیثیت مستحکم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔
احسن اقبال نے اسلام آباد سائنس فیسٹیول میں یونیورسٹی آف نارووال کی پہلی پوزیشن کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان تعلیم اور تحقیق کے ذریعے کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، جبکہ ماضی میں مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہنے والے طلبہ بھی آج مختلف شعبوں میں نمایاں مقام بنا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ نوجوانوں میں خلائی علوم سے دلچسپی بڑھانے کے لیے یونیورسٹی آف نارووال میں پاکستان کا پہلا اسپیس میوزیم قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور نئے سائنسی شعبوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔