اسلام آباد میں فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر اتوار بازار بند، دکانداروں کا احتجاج
بازار کی بندش پر تقریباً 200 سے 250 دکاندار اتوار بازار کے باہر جمع ہوگئے اور دھرنا دے کر انتظامیہ سے بازار فوری کھولنے کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد میں فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر اتوار بازار بند، دکانداروں کا احتجاج
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث ایچ نائن کا اتوار بازار بند کردیا گیا، جس کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے خلاف نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق بازار کی بندش پر تقریباً 200 سے 250 دکاندار اتوار بازار کے باہر جمع ہوگئے اور دھرنا دے کر انتظامیہ سے بازار فوری کھولنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کرنے والے دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات پر کروڑوں روپے خرچ کرچکے ہیں، اس کے باوجود بازار بند کردیا گیا۔ ایچ نائن بازار کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں قائم ہفتہ وار بازار بھی بند کردیا گیا ہے۔ بازاروں کی بندش کے باعث شہری سستی اشیائے خورونوش کی خریداری سے محروم ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کھلی مارکیٹ میں سبزیاں سرکاری نرخوں کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ قیمت پر فروخت ہورہی ہیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔