این سی سی آئی اے کی ملک بھر میں کارروائیاں، غیر ملکی شہریوں کو لوٹنے والے سائبر گروہ گرفتار

اہم کارروائیاں، راولپنڈی اور کراچی سے ملزمان دبوچ لیے گئے، غیر قانونی کال سینٹر سیل کر دیا گیا۔

October 18, 2026 · اہم خبریں
این سی سی آئی اے کی کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے ڈیجیٹل آلات اور سامان کی منظر کشی

این سی سی آئی اے کی کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے ڈیجیٹل آلات اور سامان کی منظر کشی

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنانے والے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں چھاپہ مار کر ایک خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع ظفر سینٹر میں غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق راولپنڈی میں کی جانے والی کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور دیگر سامان ضبط کر لیا گیا ہے۔ ملزمان بینک نمائندگان اور غیر ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بن کر شہریوں کو خوفزدہ کرتے تھے اور دھوکہ دہی سے رقوم بٹورتے تھے۔ ملزمان کے خلاف پیکا اور تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی زون کی خفیہ کارروائی کے دوران کال سینٹر کے مالک یاسر گلگتی سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں ایجنٹس، سپر ایجنٹس، کلوزرز اور فلور منیجر شامل ہیں۔ دستاویز اور ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ غیر قانونی کال سینٹر امریکا کے شہریوں کی حساس بینکنگ معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کرنے میں ملوث تھا۔

ایف آئی آر نمبر 106/2026 کے متن کے مطابق یہ مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کی دفعات اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات کے تحت 13 نامزد ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ملزمان کال اسپوفنگ اور جعل سازی کے ذریعے سوشل سکیورٹی نمبرز، کریڈٹ کارڈ کی معلومات اور دیگر ذاتی نوعیت کا ڈیٹا چرانے میں ملوث تھے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے واضح کیا ہے کہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور نیٹ ورک کے تمام مفرور ملزمان کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔