پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس، لانگ مارچ کی ناکامی اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر غور

اہم پیش رفت، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم، حتمی فیصلہ بانی چیئرمین کریں گے۔

October 18, 2026 · اہم خبریں
پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کا ایک منظر

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کا ایک منظر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جن میں لانگ مارچ کی ناکامی، حکومت سے مذاکرات کے تعطل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی سے متعلق اہم تجاویز پر غور کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس اور پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بعض رہنماؤں کی جانب سے لانگ مارچ کی ناکامی اور منصوبہ بندی کے فقدان کی ذمہ داری عائد کی گئی، جبکہ یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ مارچ کے دوران بعض امور پر مرکزی قیادت کو اعتماد میں نہیں رکھا گیا۔ رہنما تحریک انصاف نعیم حیدرپنجوتھہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پارٹی میں کوئی دراڑ نہیں ہے اور تمام رہنما بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

دستاویزات اور ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کو تبدیل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا مؤقف تھا کہ چونکہ انہیں بانی چیئرمین نے نامزد کیا ہے اس لیے اس حوالے سے حتمی فیصلہ وہی کریں گے۔ دریں اثنا، پارٹی نے لانگ مارچ کی ناکامی، مذاکرات کے اسباب اور فنڈنگ کے معاملات کی تحقیقات کے لیے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔