عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ

روس پر امریکی پابندیوں میں نرمی، برینٹ کروڈ 108.80 ڈالر پر آگیا۔

October 19, 2026 · اہم خبریں
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا منظر

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا منظر

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایشیا میں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر خام تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمتیں گر گئیں، اور برطانوی برینٹ خام تیل کے سودے تقریباً 1 فیصد کمی کے بعد 108.80 ڈالر فی بیرل پر آگئے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت کم ہوکر 100.70 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت روس سے متعلق متعدد مجوزہ پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ ان پابندیوں کا نفاذ چند روز بعد ہونا تھا، جن میں روسی مصنوعات پر محصولات اور روسی تیل و گیس خریدنے پر عائد کی جانے والی سزائیں بھی شامل تھیں۔

تیل کی قیمتوں میں یہ معمولی کمی جمعے کو ہونے والے اضافے کے بعد سامنے آئی ہے، جب کاروبار کے اختتام پر قیمتیں 19 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ روسی برآمدات سے متعلق پابندیوں اور ٹیرف کو ہٹانے کا فیصلہ روس کو مذاکرات کی میز پر برقرار رکھنے کی ایک کوشش ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اس تنزلی کے بعد پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق توقعات بڑھ گئی ہیں۔