قومی کرکٹرز محمد رضوان اور امام الحق کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

اہم پیش رفت، پاکستان کرکٹ بورڈ کا فیصلہ، دونوں کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے

October 19, 2026 · اہم خبریں
قومی کرکٹرز محمد رضوان اور امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ میں ایکشن کے لیے تیار ہیں۔

قومی کرکٹرز محمد رضوان اور امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ میں ایکشن کے لیے تیار ہیں۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے بعد اوپننگ بیٹر امام الحق کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امام الحق پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔ او جی ڈی سی ایل نے امام الحق کی دستیابی کی تصدیق کر دی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس حوالے سے متعلقہ ڈپارٹمنٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے نیپال کرکٹ لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی طلب کیا تھا تاہم پی سی بی نے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ محمد رضوان سوئی ناردرن گیس (ایس این جی پی ایل) کی قیادت کریں گے۔ یاد رہے کہ محمد رضوان اور امام الحق ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں کچھ عرصہ قبل بعض انتظامی و سیکورٹی امور کے باعث وطن واپس بلایا گیا تھا اور جن کے معاملات پر مختلف زاویوں سے بازپرس کی گئی تھی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے کہا کہ مجھے کسی کو کچھ ثابت نہیں کرنا، نہ ہی کسی کو جواب دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے تینوں فارمیٹس میں پرفارم کرنا اہم ہے اور خوش قسمتی سے ون ڈے کرکٹ میں میری کارکردگی زیادہ بہتر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کو خاطر خواہ عزت نہیں دیتے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنا اور رنز بنانا آسان نہیں ہوتا۔