ملتان واقعہ،عدالت پیشی پر وکلا کا ملزم پر گھونسوں اور مکوں کی بارش،ویڈیو وائرل

متعدد صارفین نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مقتول بچے کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا

October 20, 2026 · امت خاص
ملتان واقعہ،عدالت پیشی پر وکلا کا ملزم پر گھونسوں اور مکوں کی بارش،ویڈیو وائرل

ملتان واقعہ،عدالت پیشی پر وکلا کا ملزم پر گھونسوں اور مکوں کی بارش،ویڈیو وائرل

ملتان( اُمت نیوز)ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچلنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں وکلا نے مبینہ طور پر اسے گھونسوں اور مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مقتول بچے کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ بعض صارفین نے وکلا کے اقدام کی حمایت کی، جبکہ دیگر نے زور دیا کہ ملزم کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق ہونی چاہیے اور مقدمے کا فیصلہ شواہد کی بنیاد پر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:۔ ملتان میں کام چھوڑنے پر بچے کو گاڑی سے کچلنے کی ویڈیو سامنے آگئی

واضح رہے کہ ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچلنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا۔ واقعے کی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور گاڑی کی زد میں آنے کے مناظر سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ واقعے کے بعد شہریوں کی جانب سے شفاف تحقیقات اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سی پی او ملتان اختر فاروق نے کہا ہے کہ واقعے پر سب دکھی ہیں اور بچے کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔ ان کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے تاکہ کسی قسم کے سمجھوتے کی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کیس کو مضبوط بنایا جائے گا اور شواہد کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔