برطانوی بادشاہ چارلس نے حدیثِ نبوی ﷺ پڑھ لی
سلطانِ عمان کے اعزاز میں عشائیے کے دوران عربی میں حدیث بیان،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
برطانوی بادشاہ چارلس سوم نے سلطانِ عمان کے اعزاز میں عشائیے کے دوران عربی زبان میں حدیثِ نبوی ﷺ بیان کر دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ حدیثِ مبارکہ میں اہلِ عمان کے حسنِ اخلاق کا ذکر ہے۔ فائل فوٹو
برطانوی بادشاہ چارلس سوم نے سلطانِ عمان ہیثم بن طارق کے اعزاز میں منعقدہ سرکاری عشائیے کے دوران رسول اللہ ﷺ کی حدیث عربی زبان میں بیان کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
شاہ چارلس سوم نے صحیح مسلم کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے اہلِ عمان کے فضائل سے متعلق فرمانِ نبوی ﷺ پڑھا۔ مختصر صحیح مسلم کی حدیث نمبر 1750 کے مطابق، سیدنا ابوبرزہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو عرب کے ایک قبیلے کی طرف بھیجا، جہاں کے لوگوں نے اسے برا بھلا کہا اور مارا۔ وہ شخص واپس آیا اور آپ ﷺ کو سارا واقعہ بتایا، جس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’اگر تو عمان والوں کے پاس جاتا تو وہ تجھے برا نہ کہتے اور نہ مارتے۔‘‘
یہ حدیث اہلِ عمان کے اچھے اخلاق اور ان کے طرزِ عمل سے متعلق ہے۔ شاہ چارلس کی جانب سے عربی زبان میں حدیث بیان کرنے کا یہ منظر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
یہ موقع سلطانِ عمان کے تین روزہ سرکاری دورۂ برطانیہ کے دوران منعقدہ عشائیے کا تھا۔ یہ 44 سال میں کسی عمانی سلطان کا برطانیہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
اپنے خطاب میں شاہ چارلس نے عمان کی سفارتی کوششوں اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مختلف فریقوں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے عمان کے عزم اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے میں اس کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
شاہ چارلس نے کہا کہ خلیجی خطے میں عمان کا کردار اور اس کی ’’تعمیری غیر جانب داری‘‘ آبنائے ہرمز سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور انتہائی احترام کے قابل ہے۔
سلطان ہیثم بن طارق نے بھی تنازعات سے متاثرہ خطے میں سفارت کاری کو ترجیح دینے پر زور دیا اور اسے ایک آزادانہ راستہ قرار دیا، جس کی برطانیہ نے حمایت کی ہے۔
فروری کے آخر میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے عمان، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہونے کے باعث علاقائی سلامتی بھی عمان کے لیے اہم معاملہ ہے۔
سلطانِ عمان کے دورے کے دوران سکیورٹی، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بات چیت بھی شامل ہے۔ سلطان ہیثم کی برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم سے ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ملاقات بھی طے ہے۔