گجرات میں جائیداد کے تنازع پر بھائی کے قتل کا الزام، جنازے میں شریک بڑا بھائی گرفتار
مبینہ طور پر سعودی عرب میں موجودگی کا تاثر دے کر تفتیش سے بچنے کی کوشش کی، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس کی پاکستان میں موجودگی کا سراغ ملا۔
گجرات میں جائیداد کے تنازع پر بھائی کے قتل کا الزام، جنازے میں شریک بڑا بھائی گرفتار
گجرات: پنجاب کے ضلع گجرات میں نوجوان محمد سفیان کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے اس کے بڑے بھائی محمد بلال کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر سعودی عرب میں موجودگی کا تاثر دے کر تفتیش سے بچنے کی کوشش کی، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس کی پاکستان میں موجودگی کا سراغ ملا۔
پولیس کے مطابق واقعہ 17 اکتوبر کو گجرات کے علاقے دریکڑی روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں 24 سالہ محمد سفیان کی لاش سڑک کنارے ملی۔ مقتول کے گلے پر تیز دھار آلے کے زخم تھے جبکہ اس کی موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی غائب تھے۔ ابتدائی طور پر مقدمہ قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات فیصل شہزاد کے مطابق تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔ فوٹیج میں سفیان کو گجرات شہر میں ایک مقام پر کسی شخص کا انتظار کرتے اور بعد ازاں اس کے ساتھ جاتے دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ شخص مقتول کا بڑا بھائی محمد بلال تھا، جس نے بعد میں اپنے بھائی کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں بھی شرکت کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کے مطابق دونوں بھائی ایک ریستوران میں کھانا کھانے کے بعد موٹرسائیکل پر روانہ ہوئے۔ بعد ازاں ملزم مبینہ طور پر اکیلا موٹرسائیکل چلاتے ہوئے واپس آتا دکھائی دیا۔ تفتیش کاروں کے مطابق اس کے بعد سفیان کا کوئی سراغ نہیں ملا اور اس کی لاش دریکڑی روڈ کے قریب سے برآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والی چھری پر مبینہ طور پر بلال کے فنگر پرنٹس کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جن کی تصدیق کے لیے آلۂ قتل پنجاب فرانزک لیبارٹری لاہور بھجوایا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دورانِ تفتیش ملزم نے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔
مقتول اور ملزم کے والد خالد محمود نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کے درمیان وراثتی جائیداد کی تقسیم پر اختلافات تھے۔ ان کے مطابق چار مرلے کے مکان کی تقسیم کے معاملے پر بلال کو گاؤں سے باہر 18 مرلے زرعی زمین دی گئی تھی، تاہم وہ اس فیصلے سے ناخوش تھا اور سمجھتا تھا کہ اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔
والد کے مطابق انہیں یقین نہیں تھا کہ جائیداد کا تنازع اس حد تک بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلال اپنے بھائی کی تدفین کے موقع پر غم کا اظہار کرتا رہا اور قتل کا بدلہ لینے کی باتیں بھی کرتا تھا۔
پولیس نے ملزم محمد بلال کو عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے مزید تفتیش کے لیے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل، موبائل فون اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔