پی آئی اے کے عملے کا نیا یونیفارم ایچ ایس وائے ڈیزائن کریں گے

ڈیزائن کے انتخاب میں جدت، معیار اور پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کو بنیادی اہمیت دی گئی، جس کے بعد ایچ ایس وائے کے ڈیزائن کو منتخب کیا گیا۔

October 22, 2026 · قومی
پی آئی اے کے عملے کا نیا یونیفارم ایچ ایس وائے ڈیزائن کریں گے

پی آئی اے کے عملے کا نیا یونیفارم ایچ ایس وائے ڈیزائن کریں گے

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے عملے کے نئے یونیفارم کی تیاری کے لیے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین، جنہیں ایچ ایس وائے کے نام سے جانا جاتا ہے، کا انتخاب کر لیا ہے۔

پی آئی اے کے مطابق گزشتہ ماہ کراچی میں مختلف معروف فیشن ڈیزائنرز کو عملے کے نئے یونیفارم کے ڈیزائن پیش کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ ڈیزائن کے انتخاب میں جدت، معیار اور پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کو بنیادی اہمیت دی گئی، جس کے بعد ایچ ایس وائے کے ڈیزائن کو منتخب کیا گیا۔

ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق نئے یونیفارم کی رونمائی 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی بوئنگ 787 طیارے کی پہلی پرواز کے موقع پر کی جائے گی۔ اس پرواز میں پی آئی اے کا عملہ نئے یونیفارم پہن کر مسافروں کا استقبال کرے گا۔

پی آئی اے کے عملے کے یونیفارم ماضی میں بھی عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنرز تیار کر چکے ہیں۔ ان میں فرانسیسی فیشن ڈیزائنر پیئر کارڈن اور برطانوی ڈیزائنر سر ہارڈی ایمیز شامل ہیں۔

ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیفارم میں تبدیلی کا مقصد عملے کی ظاہری شناخت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اس کے ساتھ پاکستانی ثقافت اور قومی روایات کی جھلک برقرار رکھنا ہے۔