اٹک میں ٹرین کے نیچے آ کر 55 سالہ شخص جاں بحق
شین باغ پھاٹک پرمحمد فیاض کی مبینہ خودکشی،پیرا فورس اور ٹریفک پولیس کی کارروائیاں،سامان ضبط، جرمانےعائد
فائل فوٹو
اٹک کے شین باغ پھاٹک پر ٹرین کے نیچے آکر سروالہ کا 55 سالہ رہائشی محمد فیاض جاں بحق، ریسکیو اہلکاروں نے لاش ہسپتال منتقل کردی۔
تفصیلات کے مطابق سروالہ کے رہائشی محمد فیاض ولد لال خان نے مبینہ طور پر ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرلی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ضروری کارروائی کے بعد لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹک منتقل کردی۔
اٹک شہر میں تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن
اٹک پیرا فورس اور ٹریفک پولیس نے اٹک شہر میں ناجائز تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے اور سامان ضبط کرلیا گیا، جبکہ نو پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے بھی چالان کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ڈی ای او پیرا فورس وحید احمد، محرر پیرا اسٹیشن وجاہت علی خان، سارجنٹ ناصر خان، انسپکٹر ٹریفک پولیس عثمان احمد، سب انسپکٹر شاہد اور دیگر عملے نے کارروائی میں حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران پیرا فورس نے ناجائز تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے اور سامان ضبط کرلیا۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس افسران نے غیرقانونی رکشہ اسٹینڈز، پارکنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے۔
اس موقع پر ایس ڈی ای او پیرا فورس وحید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے تجاوزات کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو صاف ستھرا، خوبصورت اور تجاوزات سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کا بنیادی مقصد عوام کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا، بازاروں اور شاہراہوں کو کشادہ رکھنا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔
وحید احمد کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے گی اور کسی کے ساتھ غیرضروری زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے شہریوں اور تاجر برادری کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔