وزیراعظم کا خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے دینے کا اعلان

قبائلی عوام کی قربانیوں کااعتراف،سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے لیے وفاقی تعاون کی یقین دہانی

October 22, 2026 · قومی

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان، قبائلی عوام کی قربانیوں کا اعتراف، سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی۔ فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان دورہ پشاور کے دوران قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں صوبے بھر کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے وسائل کا ایک ایک پیسہ ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے صوبے میں سکیورٹی مزید مؤثر بنانے، سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مضبوط بنانے کے لیے وفاق کی جانب سے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے قبائلی کونسل کو بااختیار بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری قیادت اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔