پی ٹی آئی دہشت گردوں کے خلاف نرم رویہ ترک کرے ، طلال چوہدری

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی قیادت کو سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا پڑے گا ، میڈیا سے گفتگو

October 22, 2026 · قومی, ویڈیوز
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز میں اتنی صلاحیت اور صلاحیت موجود ہے کہ وہ چند دنوں میں دہشت گردوں کا قلع قمع کر سکتی ہیں، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ خیبرپختونخوا کی تمام سیاسی قوتیں ایک واضح بیانیے کے ساتھ اپنی فورسز کے پیچھے کھڑی ہوں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ہماری بنیادی ترجیح ہے، کیونکہ صوبے میں امن و امان کے بغیر پورے پاکستان کا امن اور معاشی و سیاسی استحکام حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ دہشت گرد کو بلا جھجھک دہشت گرد کہے اور ان کے خلاف اپنا نرم رویہ فوری طور پر بند کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی قیادت کو سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا پڑے گا۔

طلال چوہدری نے خبردار کیا کہ جب بھی سیاسی قیادت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی میں “اگر مگر” یا ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتی ہے، تو اس کا نتیجہ آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 (ایمرجنسی یا گورنر راج) جیسے سخت اقدامات کی صورت میں نکلتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، لیکن دہشت گردی کے مسئلے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔