دہشت گردی کے خلاف ساتھ نہ دینے والے مائنس ہو جائیں گے، رانا ثناء اللہ

دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنائے بغیر عوام کی زندگیوں میں بہتری نہیں لائی جا سکتی

October 23, 2026 · اہم خبریں, قومی
دہشت گردی کے خلاف ساتھ نہ دینے والے مائنس ہو جائیں گے، رانا ثناء اللہ

دہشت گردی کے خلاف ساتھ نہ دینے والے مائنس ہو جائیں گے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے قومی ایجنڈے کا حصہ نہ بننے والوں کو سیاسی طور پر نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خلوص کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کا ساتھ نہیں دیں گی، وہ سیاسی منظرنامے سے باہر ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنائے بغیر عوام کی زندگیوں میں بہتری نہیں لائی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا کے گورنر نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کے فنڈز کا مطالبہ کیا تھا، جس کی وزیراعظم شہباز شریف نے فوری منظوری دے دی۔

28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فی الحال اس معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی مسودہ سامنے آیا ہے۔