دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، بھرپور نشانہ بنائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

سکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اعلیٰ معیار کی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھا جائے۔

October 23, 2026 · اہم خبریں, قومی
دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، بھرپور نشانہ بنائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، بھرپور نشانہ بنائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور انہیں جہاں بھی پایا گیا، بھرپور انداز میں نشانہ بنایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران انہیں سرحدی انتظامات، مختلف فارمیشنز کی تعیناتی اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ جذبے کو سراہا اور ہدایت کی کہ سکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اعلیٰ معیار کی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھا جائے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم پوری شدت سے جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردی اور اس کے گمراہ کن نظریے کو شکست دی جائے گی۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں، شہدا کے خاندانوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کور پہنچنے پر کمانڈر پشاور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔