فیڈرل بی ایریا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر جاں بحق،مقدمہ درج

شفیق موڑ پرواردات کے دوران فائرنگ،زخمی شہری اسپتال میں دم توڑ گیا،پولیس نے تفتیش شروع کردی

October 23, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی: فیڈرل بی ایریا بلاک 22 میں شفیق موڑ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر شہری رحیم اللہ کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ایف بی ایریا تھانے کی حدود میں متاثرہ شہری دانش اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مدعی مقدمہ دانش اقبال نے بتایا کہ وہ ضلع شرقی کے شعبہ تفتیش میں کانسٹیبل تعینات ہیں اور جمعرات کی شب سخی حسن سے اہل خانہ کے ہمراہ شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ شفیق موڑ کے قریب ان کی گاڑی خراب ہوگئی، جس پر گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی کرکے چیک کرنے لگے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان قریب آکر رکے اور اسلحے کے زور پر موبائل فون اور رقم چھین لی۔

مدعی کے مطابق اسی دوران گاڑی کے پیچھے سے ایک شخص نکل کر سڑک کی جانب دوڑتا ہوا آیا تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی، جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا۔

ملزمان اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ مقتول کی شناخت رحیم اللہ کے نام سے ہوئی، جو مزدوری کرتا تھا اور اس کا تعلق پشاور سے تھا۔

مقتول کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی، جو تدفین کے لیے لاش لے کر پشاور روانہ ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔