لاہور میں پیٹرول پمپ ورکر پر تشدد کرنیوالا امیر زادہ گرفتار

لاہور میں پیٹرول پمپ ورکر پر تشدد کرنیوالا امیر زادہ گرفتار

October 23, 2026 · قومی

لاہور میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پٹرول پمپ ورکر پر تشدد کی ویڈیو وائرل، پراڈو سوار گرفتار

لاہور میں جوبلی ٹاؤن میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پراڈو سوار شخص نے پٹرول پمپ کے ورکر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ ورکر نے حفاظتی ایس او پیز کے تحت ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ملزم کو سگریٹ نوشی سے منع کیا تھا، جس پر ملزم تشدد اور سنگین دھمکیاں دینے کے بعد فرار ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر چوہنگ پولیس فوری حرکت میں آئی اور گاڑی تلاش کرلی۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے پراڈو کرائے پر حاصل کر رکھی تھی۔ کرایہ داری کی رسید کے ذریعے ملزم کی شناخت ادریس بھٹی کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے دوران مزاحمت کی کوشش بھی کی، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری پر تشدد ناقابل قبول ہے۔ طاقت، دولت یا بڑی گاڑی کے زعم میں قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ محنت کش کی عزت نفس مجروح کرے۔ پولیس ہر مظلوم کا سہارا اور قانون کی عملداری کی محافظ ہے۔ خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والے سن لیں کہ لاہور میں قانون کی حکمرانی چلے گی۔