شہدادپور: 3 روز قبل پسند کی شادی کرنے والا جوڑا غیرت کے نام پر قتل

مقتول نوجوان اور مقتولہ کی لاش پوسٹمارٹم کے لیے سیمس منتقل کردی گئی، واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا

October 23, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

شہدادپور : شہدادپور کے قریب فائرنگ کرکے تین روز قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کردیاگیا، مقتول نوجوان اور مقتولہ کی لاش پوسٹمارٹم کے لیے سیمس منتقل کردی گئی، واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

اطلاعات کے مطابق گائوں محراب شاہی کے قریب سم نالے کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والے چھبیس سالہ نوجوان نثارعلی لاشاری اور چوبیس سالہ زکیہ بلیدی کو قتل کردیا۔

اطلاعات کے ہنگورہ روڈ کے رہائشی نوجوان نثار علی لاشاری اور زکیہ بلیدی نے تین روز قبل نوابشاہ کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی اور نوابشاہ کے نیشنل پریس کلب پہنچ کر اپنی شادی کا اعلان بھی کیاتھا۔ علاقے میں اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو غیرت کے نام پر بلیدی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی حق نواز اوڈھو اور ایس ایچ او شہدادپور محمد حنیف مہر پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور دونوں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے شہدادپور کے سمس اسپتال منتقل کردیا، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد مدعی فریق کے بیان کی روشنی میں دہرے قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ دوسری جانب دوہرے قتل کی اطلاع گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور مقتولین کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔