محسن نقوی کا نادرا میگا سینٹر ساندہ کا دورہ، عملے کی غیر حاضری پر سخت برہمی
نادرا سینٹرز میں شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور عوامی خدمت کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔محسن نقوی
محسن نقوی کا نادرا میگا سینٹر ساندہ کا دورہ، عملے کی غیر حاضری پر سخت برہمی
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے علاقے ساندہ میں قائم نادرا میگا سینٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈیوٹی کے دوران عملے کی عدم موجودگی پر انہوں نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ڈیوٹی کے اوقات میں عملے کا غیر حاضر ہونا فرائض سے واضح غفلت ہے۔ انہوں نے غیر حاضر ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا میگا سینٹر میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں موجود افراد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کیے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ نادرا سینٹرز میں شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور عوامی خدمت کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔