لاہور میں سہ ملکی سیریز، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی

اہم مقابلہ، میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، کھلاڑی پنک کٹ پہن کر کھیلیں گے۔

October 25, 2026 · اہم خبریں
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سہ ملکی سیریز کے میچ کی تیاریوں کا منظر

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سہ ملکی سیریز کے میچ کی تیاریوں کا منظر

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آج سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم اب تک سیریز میں ناقابلِ شکست ہے اور اپنے دونوں ابتدائی میچز میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے ہرایا تھا۔

ذرائع کے مطابق آج کا میچ بریسٹ کینسر سے آگاہی کی مہم سے منسوب کیا گیا ہے، جس کے تحت کھلاڑی پنک کٹ پہن کر میدان میں اتریں گے۔ میچ سے قبل قومی ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی دستخط شدہ شرٹس نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی، اور اس نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم بریسٹ کینسر سے متاثرہ خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بھی قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم کو اب تک سیریز میں کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔ پاکستان کے خلاف شکست کے بعد انگلینڈ کو تیسرے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے مات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ اس سہ ملکی سیریز کے ابتدائی 3 میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے، جبکہ بقیہ تمام مقابلے اور فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم اپنی شکستوں کا سلسلہ توڑ کر سیریز میں پہلی فتح حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔