ایل پی جی کے 2 جہاز پاکستان پہنچ گئے، قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان
بحران کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت، ایران سے زمینی سپلائی بھی بحال، صارفین کو ریلیف ملے گا
پورٹ قاسم پر ایل پی جی لے کر پہنچنے والے جہاز اور بحال ہونے والی سپلائی کا منظر
کراچی کے پورٹ قاسم پر ایل پی جی کے 2 بحری جہاز مجموعی طور پر 7 ہزار 603 میٹرک ٹن گیس لے کر لنگر انداز ہو چکے ہیں۔ پورٹ ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سی کے ٹرمینل پر پریانیس نامی جہاز نے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن جبکہ اینگرو ٹرمینل پر الیسا ون نامی جہاز نے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی کامیابی کے ساتھ آف لوڈ کی۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد پر واقع گبد ریمدان بارڈر سے بھی ایل پی جی کے باؤزرز کی سپلائی دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔ بارڈر پر پھنسے ہوئے 200 سے زائد باؤزرز کی کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جن کی آمد سے مارکیٹ میں مزید 3 سے 4 ہزار ٹن ایل پی جی کی رسد یقینی ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق درآمدی سپلائی میں نمایاں بہتری اور زمینی راستوں سے ترسیل شروع ہونے کے بعد ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں فی کلو 50 سے 70 روپے تک کمی متوقع ہے۔ گیس کی دستیابی بڑھنے سے جاری بحران کے خاتمے اور عام صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔