اسٹیٹ بینک نے شرحِ سود میں اضافے کا اعلان کر دیا
شرحِ سود ساڑھے 11 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کر دی ، گورنر اسٹیٹ بینک کی میڈیا سے گفتگو
فائل فوٹو
کراچی:مانیتری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرحِ سود میں اضافہ کر دیا۔
اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرحِ سود ساڑھے 11 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کر دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ شرحِ سود 50 بیسز بڑھا کر 12 فیصد کر دی ہے۔
جمیل احمد نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے شرحِ سود میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایم پی سی کے 10 میں سے 9 ممبرز نے شرحِ سود میں 50 بیسز پوائنٹس اضافے کے حق میں ووٹ دیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا اثر ہوا ہے، جس سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 100 ڈالرز سے اوپر رہی ہیں، گندم کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیوپولیٹکل حالات کی وجہ سے توانائی کی قیمتیں بڑھی ہیں، کمیٹی نے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ شرحِ سود میں 50 بیسز پوائنٹس کا اضافہ کیا جائے۔
جمیل احمد کا کہنا ہے کہ ستمبر کے اجلاس کے مقابلے میں حالات خراب ہوئے ہیں، مہنگائی اور جاری خسارے کی توقعات کچھ بڑھ گئی ہیں، ایکسپورٹس اتنی نہیں جتنی درکار ہیں، لیکن بہتری ہے، رواں مالی سال معاشی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہے گی۔