قطر میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح

اس مرکز کے قیام کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی پہچان بڑھانا اور ملکی برآمدات کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔وزارتِ تجارت

October 28, 2026 · قومی
قطر میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح

قطر میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور تشہیر کے لیے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کردیا۔

وزارتِ تجارت کے مطابق اس مرکز کے قیام کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی پہچان بڑھانا اور ملکی برآمدات کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے دوحہ میں موجود پاکستانی کاروباری شخصیات سے ملاقات بھی کی۔ گفتگو میں پاکستان اور قطر کے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی مصنوعات کی فروخت بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے کاروباری روابط کو فروغ دینا ضروری ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی تاجر ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ملاقات میں پاکستانی برآمد کنندگان اور قطری کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست رابطوں کو وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔ وزارتِ تجارت کے مطابق یہ مرکز قطری خریداروں کو پاکستانی مصنوعات سے متعارف کرانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے نئے راستے کھولنے میں مدد دے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔