پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمان کی تجویز پر اتفاق،اے پی سی بلانے پر غور

حکومت کی معاشی، انتظامی اور گورننس کے محاذ پر ناکامی، اسد قیصر کا مؤقف

October 28, 2026 · قومی

فضل الرحمان کی پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات، چارٹر آف ڈیموکریسی کی تجویز پر اتفاق

پاکستان تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے چارٹر آف ڈیموکریسی کی تجویز سے اتفاق کرلیا ہے، جس پر مشاورت کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کی قیادت کا اہم اجلاس ہوا، جس میں چارٹر آف ڈیموکریسی کی تجویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پی ٹی آئی نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں کیا شرائط ہوں گی، اس کا تعین مشاورت سے کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے چارٹر آف ڈیموکریسی کی تجویز دی ہے، جس پر مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ملک میں امن ہونا چاہیے اور امن کے لیے ہر اسٹیک ہولڈر کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے اور سوچ بچار کے بعد ان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ حکومت معاشی، انتظامی اور گورننس کے محاذ پر مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے چارٹر آف ڈیموکریسی کی تجویز دی ہے، اسی حوالے سے تحریک انصاف آل پارٹیز کانفرنس بلانے جا رہی ہے۔ اسد قیصر کے مطابق کانفرنس کی تاریخ تاحال حتمی نہیں، تاہم اسے 9 یا 10 نومبر کو بلانے پر غور جاری ہے۔