سینیٹ میں آبادی میں تیز رفتار اضافے سے نمٹنے کے لیے قرارداد منظور
شیری رحمان کا 2050 تک ملکی آبادی 39 کروڑ تک پہنچنے کا خدشہ،فوری اقدامات پر زور
سینیٹ میں آبادی میں تیز رفتار اضافے سے نمٹنے کے لیے قرارداد منظور
اسلام آباد: سینیٹ میں آبادی میں تیز رفتار اضافے سے نمٹنے کے لیے قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی، جنہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی آبادی 2050 تک 39 کروڑ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، اس لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ آبادی کے اس بحران سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، کیونکہ پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی خوراک، پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات پر شدید دباؤ ڈال رہی ہے۔ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر 40 فیصد بچے غذائی قلت کے باعث نشوونما میں رکاوٹ کا شکار ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ نہ ہونے سے ماؤں کی صحت اور زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، پارلیمان، میڈیا، علما اور کمیونٹی رہنماؤں کو آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔