عمران خان کا فیصلہ حتمی: سہیل آفریدی ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے، بیرسٹر گوہر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

پارٹی کے تمام اراکین، عہدیداروں، پارلیمنٹیرینز اور پارٹی کارکنوں کو سخت ہدایات، وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے نئے ناموں، تبدیلیوں یا کسی بھی قسم کی مشاورت سے دور رہیں، نوٹیفکیشن

October 29, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سہیل آفریدی صوبے کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی مکمل حمایت اور اعتماد سہیل آفریدی کے ساتھ ہے، لہٰذا وہ پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

نوٹیفکیشن میں پارٹی کے تمام اراکین، عہدیداروں، پارلیمنٹیرینز اور پارٹی کارکنوں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے نئے ناموں، تبدیلیوں یا کسی بھی قسم کی مشاورت سے دور رہیں۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسی کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینا یا اس پر بات چیت کرنا پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔

پی ٹی آئی کی قیادت نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے حوالے سے بانی چیئرمین عمران خان کا فیصلہ حتمی ہے، اور کسی دوسرے شخص کو اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے یا امیدوار نامزد کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ یہ فیصلہ پارٹی کے تمام اراکین پر واجب العمل ہوگا۔