جناح اسپتال کراچی میں بجلی بند،جنریٹرز بھی ناکارہ،2 مریض جاں بحق،درجنوں کی حالت غیر

پوری رات بجلی کی فراہمی معطل رہی،سافٹ ویئر خرابی کے باعث ہنگامی جنریٹرز بھی نہ چل سکے،طبی نظام متاثر

October 30, 2026 · قومی, ہیلتھ

جناح اسپتال کراچی میں بجلی بند، جنریٹرز بھی ناکارہ، 2 مریض جاں بحق، درجنوں کی حالت غیر

کراچی: کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں گزشتہ شب سے صبح تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، جبکہ ہنگامی جنریٹرز بھی سافٹ ویئر میں تکنیکی خرابی کے باعث ناکارہ ہوگئے۔ بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے دوران آئی سی یو میں زیر علاج دو مریضوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ درجنوں مریضوں کی حالت غیر ہوگئی۔

سندھ کے سب سے بڑے سرکاری طبی مرکز میں بجلی کی طویل بندش کے باعث اسپتال کے مختلف شعبوں میں علاج معالجے کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ آئی سی یو سمیت انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تشویشناک صورتحال یہ رہی کہ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باوجود اسپتال کا متبادل ہنگامی بجلی کا نظام فعال نہ ہوسکا اور مریضوں کی زندگیوں کو سہارا دینے کے لیے نصب جنریٹرز بھی کام نہ کرسکے۔

بجلی کی بندش کے باعث وینٹی لیٹرز اور دیگر زندگی بچانے والے طبی آلات پر انحصار کرنے والے مریضوں کے حوالے سے بھی شدید تشویش پائی گئی، جبکہ مریضوں کے تیمارداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈاکٹرز اور طبی عملہ پوری رات محدود وسائل اور مشکل حالات میں مریضوں کی جانیں بچانے کی کوششوں میں مصروف رہا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران آئی سی یو میں دو مریض جاں بحق ہوئے، تاہم بجلی کی بندش سے ہونے والی ممکنہ اموات کی اصل تعداد سامنے نہیں آسکی۔

جناح اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر یحییٰ تنیو نے بجلی کی بندش کے دوران جنریٹرز نہ چلنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے وقت جنریٹر چلانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم سافٹ ویئر میں تکنیکی خرابی کے باعث جنریٹر فعال نہیں ہوسکے۔

ڈاکٹر یحییٰ تنیو نے بجلی کی بندش کے باعث مریضوں کی ہلاکتوں سے متعلق اطلاعات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

صوبے کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں بجلی کی فراہمی کا متبادل ہنگامی نظام پوری رات ناکارہ رہنے سے اسپتال انتظامیہ کی منصوبہ بندی، مشینری کی دیکھ بھال اور مریضوں کی جانوں کے تحفظ کے انتظامات پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔