پنجاب میں دیہی خواتین کے روزگار کیلئے شی تھریڈ پروگرام کا آغاز
اہم منصوبہ، ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا، رجسٹریشن شروع ہو گئی ہے۔
پنجاب میں دیہی خواتین کے روزگار کیلئے شروع کیے گئے شی تھریڈ پروگرام کا لوگو اور تربیتی مرکز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر دیہی خواتین کے معاشی استحکام اور باوقار روزگار کیلئے ایک اہم ترین اقدام کے طور پر “شی تھریڈ” پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام شروع ہونے والے اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 1150 دیہی خواتین کو ٹیکسٹائل کی تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ وزیراعلیٰ نے جون تک مجموعی طور پر 2500 دیہی خواتین کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
سرکاری دستاویزات اور جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے تحت دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپروائزر کی تربیت دی جائے گی۔ لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں اس ٹریننگ کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا ہے، جہاں 3 ماہ کے اس کورس میں کلاس رومز میں تدریس کے ساتھ ساتھ عملی تربیت بھی دی جائے گی۔ تربیتی مدت کے دوران خواتین کو ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا اور کورس کی تکمیل کے بعد انہیں ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پروگرام میں داخلے کیلئے کچھ بنیادی شرائط مقرر کی گئی ہیں جن کے مطابق امیدوار خواتین کی عمر 18 سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہیے اور ان کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل لازمی ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی ہے۔ خواہشمند خواتین اپنے قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ساتھ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کرا سکتی ہیں۔ ابتدائی جانچ پڑتال اور اہلیت کی تصدیق کے بعد منتخب خواتین کو داخلے سے قبل حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق رجسٹریشن کے حوالے سے مکمل معلومات اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور متعلقہ ضلعی دفاتر سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔