مقتول کی یاد اور خوف سے پریشان قاتل دوست خود پولیس کے سامنے پیش ہوگیا
عجیب و غریب واقعہ، ملزم کو 20 راتیں نیند نہ آئی، عدالت نے ریمانڈ منظور کر لیا
قاتل دوست خود تھانے پہنچ گیا
بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک ایسا عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص اپنے دوست کو قتل کرنے کے بعد مسلسل 20 روز تک مقتول کے خوابوں سے پریشان رہا اور بالآخر خود پولیس کے پاس پہنچ کر گرفتاری دے دی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 9 اکتوبر کو مہاراشٹر کے شہر ڈومبیولی کے علاقے موتھا گاؤں میں پیش آیا جہاں وشال کدم اور پربھو کارکاڈے نامی دو قریبی دوست اکٹھے شراب پی رہے تھے کہ اس دوران دونوں کے درمیان کسی معمولی بات پر تلخ کلامی اور جھگڑا شروع ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جھگڑے کے دوران پربھو نے طیش میں آ کر وشال پر لاتوں اور گھونسوں سے شدید تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واردات کے بعد ملزم نے اپنے مالک مکان سندیش مہاترے کی مدد سے مقتول کی لاش کو ایک بوری میں بند کیا اور رات کے وقت نالے کے قریب کسی ویران مقام پر پھینک دی۔ ابتدائی طور پر ملزم کا ارادہ شہر سے فرار ہونے کا تھا مگر وہ اپنے ناپاک ارادے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
پولیس ذرائع کے مطابق قتل کے بعد مسلسل 20 راتوں تک مقتول دوست اسے خوابوں میں دکھائی دیتا رہا جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا اور مسلسل سو نہیں سکا۔ بالآخر شدید ندامت اور ذہنی اضطراب کے باعث وہ خود تھانے پہنچ گیا اور اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ تھانے میں اعترافِ جرم کرتے ہوئے ملزم زار و قطار رو پڑا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم پربھو کے علاوہ لاش ٹھکانے لگانے اور شواہد چھپانے میں مدد فراہم کرنے والے مالک مکان کو بھی حتحراست میں لے لیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے جبکہ واقعے کے محرکات اور مالک مکان کے کردار کی مزید تفتیش جاری ہے۔