اسلام آباد ایئرپورٹ پر انوکھا واقعہ،دوسروں کی دستاویزات پر سفر کرنے والا ملزم گرفتار
امیگریشن حکام کی جانچ پڑتال میں مسافر کی اصل شناخت سامنے آگئی، مقدمہ درج
اسلام آباد ایئرپورٹ پر انوکھا واقعہ، دوسروں کی دستاویزات پر سفر کرنے والا ملزم گرفتار
اسلام آباد: نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب سے مبینہ طور پر کسی دوسرے شخص کی سفری دستاویزات پر پاکستان پہنچنے اور امیگریشن کلیئرنس حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے مسافر کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب سے آنے والی پرواز کے مسافروں کی امیگریشن کلیئرنس جاری تھی کہ اس دوران ایک مسافر نے کسی دوسرے شخص کے نام پر جاری کردہ پاکستانی پاسپورٹ پیش کیا۔
امیگریشن حکام کو مسافر پر شبہ ہوا تو انہوں نے مزید جانچ پڑتال کی، جس کے دوران اس کی اصل شناخت نارووال سے تعلق رکھنے والے محمد ارسلان کے نام سے سامنے آئی۔
حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل اسلام آباد کے حوالے کردیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف دوسرے شخص کی شناخت پر سفری دستاویزات استعمال کرنے اور جعل سازی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔