اسلام آباد ایئرپورٹ پر نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر شروع
منصوبے کا مقصد غیر ملکی سربراہان مملکت اور اعلیٰ سطح کے وفود کے لیے پروٹوکول اور مہمان نوازی کی سہولتوں کو جدید بنانا ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر شروع
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، منصوبے کا مقصد غیر ملکی سربراہان مملکت اور اعلیٰ سطح کے وفود کے لیے پروٹوکول اور مہمان نوازی کی سہولتوں کو جدید بنانا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر سے عالمی معیار کے مطابق ریاستی مہمانوں کی میزبانی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں گے اور پاکستان آنے والے غیر ملکی معززین کو مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی اور پودا بھی لگایا۔
تقریب میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل شاہد افضال، چیف آپریٹنگ افسر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آفتاب گیلانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاستی مہمانوں کے استقبال، پروٹوکول اور میزبانی کے انتظامات مزید مؤثر ہوں گے۔ یہ اقدام ملک کے ہوائی اڈوں پر سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بین الاقوامی معیار کی خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔