پاکستان اور ترکیہ کا لائیو اسٹاک شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ
پاکستان میں جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے والی ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری اور پاکستانی ماہرین کی تربیت کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان اور ترکیہ کا لائیو اسٹاک شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو اسٹاک کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت پاکستان میں جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے والی ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری اور پاکستانی ماہرین کی تربیت کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری، ویکسین کی تیاری اور تکنیکی مہارت کے تبادلے سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
مجوزہ منصوبے کے تحت پاکستان کے 100 افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ پہلے مرحلے میں 30 پاکستانیوں کو تربیت کے لیے ترکیہ بھیجا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق ترکیہ کی تکنیکی معاونت سے پاکستان میں منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین تیار کی جائے گی۔ اس اقدام سے مقامی سطح پر ویکسین کی دستیابی اور جانوروں کی صحت بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
تعاون کے نتیجے میں بیماری سے پاک زونز قائم کرنے اور پاکستان سے گوشت کی برآمدات بڑھانے کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔