راولپنڈی،گوالمنڈی میں سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک
ہلاک ملزم کی شناخت ڈھوک چراغ دین کے رہائشی راجہ ذیشان عرف شانی کے نام سے ہوئی
راولپنڈی،گوالمنڈی میں سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک
راولپنڈی کے علاقے گوالمنڈی میں نالہ لئی کے قریب سی سی ڈی کی ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت ڈھوک چراغ دین کے رہائشی راجہ ذیشان عرف شانی کے نام سے ہوئی ہے۔ سی سی ڈی ٹیم تین مشتبہ افراد کی سرگرمیوں کی اطلاع پر امام بارگاہ گوالمنڈی کے قریب پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے تیس بور کا پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ راجہ ذیشان پر چند روز قبل چوری شدہ گاڑی کا سراغ لگانے والے ایک کانسٹیبل کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا بھی الزام تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم پر کانسٹیبل امجد کو فائرنگ کرکے شہید کرنے کا الزام بھی تھا۔ راجہ ذیشان اس سے قبل پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا، جبکہ گاڑی چوری کی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم راولپنڈی، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں گاڑیاں چوری کرنے کی درجنوں وارداتوں کے علاوہ اغوا برائے تاوان اور قتل کے مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔