فیصل آباد میں کم بھیک لانے پر چچا نے 10 سالہ بھتیجی کو جلا ڈالا

دل دہلا دینے والا واقعہ، مرکزی ملزم گرفتار، پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے

November 9, 2026 · اہم خبریں

فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں بھیک مانگ کر کم پیسے لانے پر ایک درندہ صفت چچا نے اپنی 10 سالہ یتیم بھتیجی پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔ پولیس ذرائع اور دستیاب اطلاعات کے مطابق ملزم عامر مشتاق نے اپنی بیوی سونیا کے ساتھ مل کر اس بھیانک واردات کو انجام دیا۔ والدین کے انتقال کے باعث یہ کمسن بچی نشاء اپنے چچا کے گھر رہائش پذیر تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی بنیادی وجہ بچی کا بھیک مانگ کر کم رقم لانا بنی، جس پر ملزمان نے غصے میں آ کر پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ کے حوالے کر دیا۔ واقعے کے بعد شدید زخمی حالت میں بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے اس دلخراش واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ایس پی صدر سعید سیال کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ ایس ایچ او صدر تاندلیانوالہ سہیل اسلم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عامر مشتاق کو دبوچ لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث دوسری ملزمہ (چچی) کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔