امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کے خلا ف آج مواخذے کے تحریک پیش ہونے کا امکان
اختیارات کے غلط استعمال اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ
امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کے سرکردہ رہنما اور ممکنہ طور پر ہاؤس کے اگلے سپیکر حکیم جیفریز نے کہا ہے کہ وہ وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کے حق میں ہیں۔گذشتہ ہفتے کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد حکیم جیفریز کو ایوانِ نمائندگان کا سپیکر بننے کا مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
جیفریز نے کہاہے کہ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پر میرا جواب واضح طور پر ہاں میں ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ پیٹ ہیگسیتھ کو جانا ہو گا۔حکیم جیفریز کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس ٹرمپ انتظامیہ کے لیے احتساب اور توازن کا کردار ادا کریں گے۔تاہم انھوں نے وسط مدتی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد کہا تھا کہ اس وقت ڈیموکریٹس کی توجہ صدر ٹرمپ کے مواخذے پر نہیں ۔ ٹرمپ اپنی پہلی مدتِ صدارت میں دو مرتبہ مواخذے کا سامنا کر چکے ہیں۔
نیو یارک سے تعلق رکھنے والے رکنِ کانگریس حکیم جیفریز نے امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے پروگرام ’دِس ویک‘میں کہا کہ پیٹ ہیگسیتھ نے ’اختیارات کا غلط استعمال کیا، ہماری قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا اور ایران میں اس غیر محتاط اور مہنگی جنگ کو آگے بڑھایا جس کا انتخاب خود کیا گیا تھا۔ادھر ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ناقد سمجھے جاتے ہیں، نے کہا ہے کہ وہ پیر کے روز ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پیش کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں انھیں عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
کینٹکی سے تعلق رکھنے والے تھامس میسی کی قرارداد میں ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی آٹھ دفعات شامل ہیں۔ ان میں الزام لگایا گیا ہے کہ انھوں نے 1973 کے وار پاورز ریزولوشن کے تحت درکار کانگریسی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائی کی۔
امریکہ میں مواخذہ ایک غیر معمولی آئینی عمل ہے جس کے تحت ایوانِ نمائندگان کسی عہدے دار کو بد عنوانی یا بد انتظامی کا مرتکب قرار دینے کے لیے ووٹ دیتا ہے، جبکہ بعد ازاں سینیٹ اسے عہدے سے ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ کرتی ہے۔
اگرچہ وسط مدتی انتخابات کے بعض نتائج ابھی باقی ہیں، تاہم ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان میں 254 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کر چکے ہیں، جو مواخذے کی دفعات منظور کرنے کے لیے درکار 218 نشستوں سے کہیں زیادہ ہے۔تاہم کسی عہدے دار کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈیموکریٹس کو ریپبلکن اراکین کی حمایت بھی حاصل کرنا ہو گی، جسے سیاسی طور پر ایک مشکل ہدف تصور کیا جاتا ہے۔
پینٹاگون کا کہناہے کہ اس نے قانون کے مطابق کام کیا ہے اور پیٹ ہیگسیتھ ’بے بنیاد تحقیقات‘ سے مرعوب نہیں ہوں گے۔