خواجہ آصف نے 12 نئے انتظامی یونٹس بنانے کی حمایت کردی
صوبے لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں پر نہیں بننے چاہییں، وزیردفاع
پاکستان میں 12 انتظامی یونٹس بنائے جائیں،خواجہ آصف
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 12 صوبے بنانے کی تجویز ہو تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم نئے صوبے لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں پر نہیں بننے چاہییں۔
نجی ٹی وی سے سیالکوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے چھوٹی انتظامی اکائیوں کے قیام کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے زیادہ مؤثر نظام کی ضرورت ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اختیارات لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور جیسے صوبائی دار الحکومتوں تک محدود نہیں رہنے چاہییں بلکہ انھیں نیچے کی سطح پر انتظامی اکائیوں کو منتقل کیا جانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے مالی وسائل کی موجودہ تقسیم پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سے منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے اختیار میں رہتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل مقصد بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔انھوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتیں اب بھی صوبائی حکام پر انحصار کرتی ہیں۔
وزیرِ دفاع نے افغانستان کی مثال بھی دی اور کہا کہ وہاں صوبوں کی تعداد تقریباً آٹھ یا 10 سے بڑھا کر 30 سے زیادہ کر دی گئی ہے۔
پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی بحث حال ہی میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے بیان کے بعد شروع ہوئی تھی۔