سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مشترکہ فنڈ میں سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار مساوی سرمایہ لگائیں گے،75 فیصد پاکستان میں خرچ ہوگا

November 9, 2026 · قومی

سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی میں سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے پیر کو سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے، جس کے تحت دونوں ممالک کے نجی سرمایہ کار مشترکہ طور پر سیکڑوں ملین مالیت کا فنڈ قائم کریں گے۔

کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ مملکت سعودی عرب اور پاکستان دوستی اور برادرانہ رشتوں کے ایسے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں جو کسی بھی معاہدے سے کہیں زیادہ گہرے ہیں۔ یہ رشتہ جذبے کے اعتبار سے ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور یہ فنڈ اسے اتنی ہی مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکت کا فطری شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسے شراکت داروں اور منڈیوں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ ترقی کرسکیں۔

شہزادہ منصور کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بغور جائزہ لینے کے بعد آج انہیں ایک زیادہ مستحکم معیشت اور حقیقی مواقع نظر آتے ہیں۔ دونوں ممالک میں پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ سرمایہ کاری کرکے برسوں کے غور و فکر اور مطالعے کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے اور ایک دیرپا شراکت داری کی بنیاد پڑے گی۔

عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ یہ فنڈ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر اعتماد کا اظہار ہے۔ طویل عرصے سے پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے تاثرات نے حقیقت کو دھندلائے رکھا، تاہم یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ سنجیدہ سرمایہ کار حقیقت کی بنیاد پر عملی قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت پر اعتماد کے اظہار میں پاکستانی سرمایہ کار پیش پیش رہتے ہوئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور سعودی بھائی بھی ان کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ سرمائے کا رخ حکومت کے لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کی جانب موڑنے سے غیر فعال اثاثوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جاسکے گا۔

عارف حبیب نے شہزادہ منصور اور دونوں جانب کے رفقا کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس فنڈ کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اپنا وقت، تحمل اور خیرسگالی وقف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے پاکستان پر سعودی اور دیگر غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی جانب پہلا قدم سمجھتے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت سیکڑوں ملین مالیت کا مشترکہ مجوزہ فنڈ قائم کیا جائے گا، جس کا مستقبل میں حجم ہر شعبے میں دستیاب مواقع کی بنیاد پر وسیع کیا جائے گا۔ مجوزہ فنڈ میں سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار مساوی حصہ ڈالیں گے، جبکہ فنڈ کا 75 فیصد پاکستان اور 25 فیصد سعودی عرب کے منصوبوں میں لگایا جائے گا۔

فنڈ تیزی سے ترقی کرنے والے نجی کاروباروں میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے، جن میں زراعت، کان کنی، تعمیرات اور دیگر صنعتیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ فنڈ حکومت پاکستان کے لینڈ بینک کو منیٹائز کرنے کے پروگرام کے تحت سامنے آنے والے تجارتی منصوبوں کا بھی جائزہ لے گا، جن میں ہوائی اڈوں، موٹرویز، بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی شامل ہے۔

اس اقدام سے تجارتی بنیادوں پر شفاف سرمایہ کاری کے ذریعے کم استعمال ہونے والی سرکاری اراضی کی معاشی قدر بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔ فنڈ مقدس شہروں سمیت سعودی عرب بھر میں تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع بھی تلاش کرے گا۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں جانب کے اداروں کو فنڈ مینجمنٹ کمپنی کی ایکویٹی میں شراکت کی دعوت بھی دی جاسکے گی۔

تقریب میں دونوں ممالک سے کونسل کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے کونسل کے شریک چیئرمین اور فاطمہ گروپ کے چیئرمین فواد مختار ورچوئلی شریک ہوئے۔