لاہور میں خطرناک کار ڈرفٹنگ کرنے والی مشہور ٹک ٹاکر خاتون گرفتار
سی بی ڈی ایریا میں خطرناک ڈرائیونگ پر پولیس نے مقدمہ بھی درج کر لیا
نور بٹ تصویر سوشل میڈیا
لاہور میں سی بی ڈی ایریا کے قریب خطرناک کار ڈرفٹنگ کرنے والی ایک معروف ٹک ٹاکر خاتون ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ سڑک پر گاڑی کو زگ زیگ انداز میں چلاتے ہوئے دیگر ٹریفک اور شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ گاڑی کو کلمہ چوک کے قریب روکا اور ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق خاتون نے سرکاری احکامات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتہائی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
خاتون ٹک ٹاکر نور بٹ کے نام سے مشہور ہیں۔ نور بٹ کے خلاف تھانہ نصیر اباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ سینیئر ٹریفک وارڈن ساجد خلیل کے بیان پر درج کیا گیا ہے۔