نیب کا سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو دوسرا طلبی نوٹس، 13 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت
مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی انکوائری، تحریری جواب غیر تسلی بخش قرار، عدم پیشی پر قانونی کارروائی کا انتباہ
نیب کا سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو دوسرا طلبی نوٹس، 13 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر دوسرا طلبی نوٹس جاری کردیا ہے۔
ڈیلی پاکستان آن لائن کے مطابق نیب راولپنڈی میں پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ (پی پی او ڈی) کے افسران، اہلکاروں اور دیگر کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر انکوائری جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کو 2022 سے 2023 تک اپنے دورِ وزارت میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے اس سے قبل اسعد محمود کو 10 نومبر 2026 کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے اور اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب بھجوا دیا تھا۔
نیب حکام نے اسعد محمود کے تحریری جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں دوسرا نوٹس جاری کیا ہے، جس میں 13 نومبر بروز جمعہ صبح 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب کے نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسعد محمود کی عدم پیشی کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔