وفاقی تعلیمی اداروں میں چوریوں کا سلسلہ جاری،گولڑہ کالج سے قیمتی سامان غائب
نامعلوم چور 21 کمپیوٹرز کے قیمتی پرزے لے اڑے،گزشتہ ماہ گرلز ماڈل اسکول کری بھی نشانہ بنا
وفاقی تعلیمی اداروں میں چوریوں کا سلسلہ جاری، گولڑہ کالج سے قیمتی سامان غائب
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز گولڑہ (10-6) کی کمپیوٹر لیب سے قیمتی سامان چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کالج انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات، مقدمے کے اندراج اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے پولیس سے رجوع کرلیا ہے۔
وفاقی نظامت تعلیمات میں ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی نبھانے والے کالج کے پرنسپل انوار خان نے پولیس کو دی گئی تحریری درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نامعلوم افراد کالج کی کمپیوٹر لیب سے کمپیوٹرز کے اہم پرزہ جات اور دیگر سامان چوری کرکے لے گئے۔
درخواست کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں 21 عدد 16 جی بی ریم، 21 عدد 500 جی بی ایس ایس ڈی ہارڈ ڈسکس، 21 عدد 2.10 گیگا ہرٹز پروسیسرز، 21 عدد بیٹریاں اور 21 عدد کنیکٹنگ کیبلز شامل ہیں۔
کالج انتظامیہ کے مطابق چوری کی واردات سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ کمپیوٹر لیب طلبہ کی عملی تربیت اور کمپیوٹر کی تعلیم کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
پرنسپل انوار خان نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں، نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی وفاقی دارالحکومت کے گرلز ماڈل اسکول کری میں چوری کی بڑی واردات ہوئی تھی، جہاں چور کروڑوں روپے مالیت کا الیکٹرانک سامان لے گئے تھے۔
گرلز ماڈل اسکول کری سے چور 50 روم بکس، 4 لیپ ٹاپ، 24 سی پی یوز اور 15 ٹیبلٹس لے گئے تھے۔ اس کے علاوہ بیٹریاں، یو پی ایس اور اسٹیبلائزر بھی چوری کرلیے گئے تھے۔
چور رات کی تاریکی میں اسکول کے تمام کمروں کے تالے توڑ کر سامان لے گئے تھے، جبکہ فریج کا تالہ بھی توڑا گیا تھا۔