چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی5 کی تعمیر کا اہم مرحلہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا،وزیراعظم
سی-5 کے ڈوم کی کامیاب تنصیب، پاکستان اور چین کا توانائی، دفاع اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کی تعمیر کا اہم مرحلہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کی تعمیر کا اہم مرحلہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلیا گیا ہے، یہ منصوبہ پاکستان میں صاف اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کی جانب اہم پیشرفت ہے۔
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ پاکستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف ڈوم کی تنصیب کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چینی حکام، اعلیٰ سرکاری عہدیداران اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی-5 منصوبہ پاکستان اور چین کی ہمہ موسمی دوستی اور اسٹریٹجک تعاون کے عزم کا اعادہ ہے۔ دونوں ممالک اقتصادی، دفاعی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے معاشی طور پر مضبوط اور توانائی کے لحاظ سے خودکفیل پاکستان بنانا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے نیوکلیئر پاور پلانٹس محفوظ اور مؤثر انداز میں 3 ہزار 530 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوہری بجلی گھر سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کا باعث بن رہے ہیں، جبکہ ملکی بجلی کی مجموعی پیداوار میں جوہری توانائی کا حصہ 16.6 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق ملک کی نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت میں نیوکلیئر توانائی کا حصہ 8.6 فیصد ہے، جبکہ سردیوں کے موسم میں ملکی بجلی کی پیداوار میں جوہری توانائی کا حصہ 26 فیصد تک پہنچ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کی پیداواری صلاحیت 1200 میگاواٹ ہوگی اور اس سے ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کے ڈوم کی تنصیب مکمل کرلی ہے۔